پاکستان اور چین کے درمیان فوجی مذاکرات، سٹریٹجک شراکت داری کا اعادہ
راولپنڈی: پاکستان اور چین نے اعلیٰ سطحی فوجی مذاکرات کیے ہیں اور اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کا اعادہ کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں پاکستانی وفد نے 9 سے 12 جون تک چین کا دورہ کیا۔
اتوار کو آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان کے ایک اعلیٰ سطحی سہ فریقی فوجی وفد نے 9 سے 12 جون 2022 تک عوامی جمہوریہ چین کا دورہ کیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے کہا کہ وفد نے چینی فوج اور دیگر سرکاری محکموں کے اعلیٰ حکام سے وسیع پیمانے پر بات چیت کی۔
اعلیٰ سطح کا اجلاس 12 جون کو ہوا جس میں پاکستانی فریق کی سربراہی چیف آف آرمی سٹاف (سی او اے ایس) جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی جبکہ چینی فریق کی قیادت چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ یوشیا نے کی۔
دونوں اطراف نے بین الاقوامی اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر اپنے اپنے نقطہ نظر پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
پاکستان اور چین نے مشکل وقت میں اپنی تزویراتی شراکت داری کا اعادہ کیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر نقطہ نظر کا باقاعدہ تبادلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
دونوں فریقوں نے سہ فریقی سطح پر اپنی تربیت، ٹیکنالوجی اور انسداد دہشت گردی تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ایک تبصرہ شائع کریں